سول ہسپتال میں فائرنگ کے بعد زوردار دھماکہ ،نجی ٹی وی کے کیمرہ مین سمیت10 افراد جاں بحق، صحافیوں اور وکلا سمیت متعدد زخمی

کوئٹہ (مانیٹرنگ ڈیسک) سول ہسپتال میں فائرنگ کے بعد زوردار دھماکہ ہوا ہے جس کے نتیجے میں 10افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے ہیں ،جاں بحق ہونے والوں میں نجی ٹی وی کا کیمرہ مین اور زخمیوں میں نجی ٹی وی کا رپورٹر بھی شامل ہے ۔
تفصیلات کے مطابق پیر کے روز کوئٹہ بار ایسوسی ایشن کے صدربلال احمد کاسی کو نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے قتل کردیا تھا ۔ بلال کاسی کی لاش سول ہسپتال لائی گئی ، اس موقع پر ہسپتال میں وکلا اور صحافیوں کی بڑی تعداد موجود تھے۔
بار ایسوسی ایشن کے صدر کے قتل کے خلاف وکلا سول ہسپتال میں احتجاج کر رہے تھے کہ اسی دوران نامعلوم دہشتگردوں کی طرف سے پہلے شعبہ حادثات کے بیرونی گیٹ پر فائرنگ کی گئی جس کے بعد زور دار دھماکہ ہوا۔ دھماکے اور فائرنگ کے نتیجے میں ابتدائی طور پر10 افراد جاں بحق ہوگئے جبکہ متعدد زخمی ہیں جن میں سے اکثر کی حالت تشویشناک ہے۔جاں بحق ہونے والوں میں نجی ٹی وی کا کیمرہ مین اور زخمیوں میں نجی ٹی وی کے رپورٹر فریداللہ سمیت صحافیوں اور وکلا کی بڑی تعداد شامل ہے ۔
دھماکے کے بعد ایف سی اور پولیس کی بھاری نفری نے سول ہسپتال پہنچ کر علاقے کو گھیرے میں لے لیا ہے جبکہ زخمیوں کو طبی امداد دی جارہی ہے ۔قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے دھماکے کی نوعیت کے بارے میں تاحال کچھ نہیں بتایا گیا تاہم امکان ظاہر کیا جارہا ہے کہ دھماکہ خودکش ہوسکتا ہے۔

Facebook Comments