31 سالہ تاریخ بدل گئی، ہملٹن ٹیسٹ میں پاکستان کو 138 رنز سے شکست، نیوزی لینڈ نے سیریز 2-0 سے اپنے نام کر لی

ہملٹن (مانیٹرنگ ڈیسک) نیوزی لینڈ نے مسلسل 7ٹیسٹ سیریز میں ناقابل شکست رہنے والی پاکستانی ٹیم کو ہملٹن ٹیسٹ میں 138 رنز سے ہرا کر 2 میچوں کی سیریز اپنے نام کر لی ہے اور 31 سال بعد اپنی سرزمین پر پاکستان کو ٹیسٹ سیریز ہرا کر تاریخ بدل دی ہے۔ نیوزی لینڈ نے پاکستان کو جیت کیلئے 369 رنز کا ہدف دیا تاہم پاکستانی بلے باز روائتی کھیل پیش کرتے ہوئے 230 رنز پر ڈھیر ہو گئے۔

تفصیلات کے مطابق ہملٹن ٹیسٹ کے پانچویں روز پاکستان نے بغیر کسی نقصان کے 1 سکور سے اننگز کا آغاز کیا تو اظہر علی اور سمیع اسلم نے ذمہ دارانہ بلے بازی کرتے ہوئے 131 رنز کا شاندار آغاز فراہم کیا تاہم مڈل آرڈر نے اوپنرز کی تمام محنت پر پانی پھیر دیا اور 9 بلے باز مجموعی سکور میں صرف 99 رنز کا اضافہ کرنے میں کامیاب ہو سکے اور پاکستان کو 138 رنز کی شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
پاکستان کی جانب سے سمیع اسلم 91 رنز بنا کر سب سے نمایاں بلے باز رہے جبکہ اظہر علی نے 58 رنز کی اننگز کھیلی۔ دیگر بلے بازوں میں بابر اعظم نے 16، سرفراز احمد نے 19، یونس خان نے11، محمد رضوان نے 13، اور سہیل خان نے 8 رنز بنائے جبکہ اسد شفیق، محمد عامر، وہاب ریاض اور عمران خان کھاتہ کھولے بغیر ہی پویلین لوٹ گئے۔
نیوزی لینڈ کی جانب سے نیل ویگنر نے بہترین باﺅلنگ کرتے ہوئے 3 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جبکہ ٹم ساﺅدھی اور مچل سینٹنر نے 2,2کھلاڑیوں کو آﺅٹ کیا اور میٹ ہینری اور گرینڈ ہوم نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
قبل ازیں پاکستان نے ٹاس جیت کر نیوزی لینڈ کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی جس نے پہلی اننگز میں 271 رنز بنائے جس کے جواب میں پاکستانی ٹیم 216 رنز بنا سکی تھی۔

واضح رہے کہ پاکستان ٹیسٹ ٹیم کو 1985ءمیں آخری بار نیوزی لینڈ میں ٹیسٹ سیریز میں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا اور اس کے بعد دونوں ٹیموں کے درمیان نیوزی لینڈ میں 8 ٹیسٹ سیریز کھیلی گئیں جن میں سے 5 میں پاکستان نے فتح حاصل کی جبکہ 3 بغیر نتیجہ رہیں۔ یوں کیویز 1985ءکے بعد سے اب تک پاکستان کو اپنی ہی سرزمین پر ٹیسٹ سیریز میں شکست دینے میں کامیاب نہیں ہو سکے تھے تاہم اب یہ تاریخ بدل گئی ہے۔

Facebook Comments