پاکستان کرکٹ کی بحالی، پی سی بی نے 6 اور 7 مارچ کو گول میز کانفرنس طلب کر لی، عمران خان کو بھی مدعو کیا گیا

لاہور ( آن لائن) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین نے کرکٹ کی بحالی کیلئے کھلاڑیوں سے مشاورت کا فیصلہ کرتے ہوئے گول میز کانفرنس طلب کر لی ہے جس میں شرکت کیلئے ’سیاست کے کپتان‘ عمران خان کو بھی شرکت کی دعوت دی گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق پی سی بی نے یہ فیصلہ پاکستان کرکٹ ٹیم کی مسلسل ناقص کارکردگی اور پے درپے شکست کے باعث کیا ہے۔ کرکٹ کی بحالی کیلئے یہ گول میز کانفرنس 6 اور 7 مارچ کو ہو گی جس میں شرکت کیلئے پاکستان کے تمام بڑے کرکٹرز کو دعوت دی گئی ہے۔ شرکاءسے پچز، ڈومیسٹک سٹرکچر، کوچنگ اور ٹیم کی کارکردگی پر مشورے بھی طلب کر لئے گئے ہیں۔ذرائع کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ نے 1992ءمیں ورلڈکپ کے فاتح کپتان عمران خان کو بھی شرکت کیلئے مدعو کیا ہے جن سے پاکستان کرکٹ کی بہتری کیلئے مفید مشورے لئے جائیں گے
ذرائع کا کہنا ہے کہ اس سے قبل بھی پی سی بی کئی مواقعوں پر عمران خان کو مدعو کر چکا ہے تاہم انہوں نے کبھی شرکت نہیں کی اور اس بار بھی یہی امکان ہے کہ وہ اجلاس میں شریک نہیں ہوں گے۔

Facebook Comments