ایران نے امریکا اور عالمی طاقتوں کو خطرے میں ڈال رکھا ہے : امریکا

بواشنگٹن( آن لائن) امریکا نے ایران کے میزائل تجربے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایران عالمی طاقتوں کے ساتھ کیے گئے جوہری سمجھوتے کو خطرے میں ڈال رہا ہے ۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی قومی سلامتی کے مشیر مائیکل فلن نے اپنے بیان میں ایران کی بلیسٹک میزائل تجربے پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایران نے امریکا اورعلاقے کے اتحادیوں کو خطرے میں ڈال رکھا ہے ۔”فی الحال ہم ایران کو باضابطہ طور پر زیرِ انتباہ رکھ رہے ہیں“۔ابھی تک یہ واضح نہیں ہے کہ ایران کے اس اقدام پر امریکی صدر ٹرمپ کیا حکمت عملی اپناتے ہیں تاہم سینئر حکومتی حکام نے ایران پر فوجی آپریشن کو خارج از امکان قرار نہیں دیا ۔فلن نے کہا کہ ایران کے رہنما اب ایسا اقدام کرنے کی جرات کر رہے ہیں کیونکہ جوہری سمجھوتا کمزور اور غیر مو¿ثر ہے۔

انہوں نے کہا کہ اوباما انتظامیہ ایران کے بدنیتی پر مبنی اقدامات کا جواب دینے میں ناکام رہی، جس میں ہتھیاروں کی منتقلی، دہشت گردی کی حمایت اور بین الاقوامی ضابطوں کی دیگر خلاف ورزیاں شامل ہیں۔

قومی سلامتی کے مشیر نے مزید کہا کہ ٹرمپ انتظامیہ ایران کے اِن اقدامات کی مذمت کرتی ہے جس سے مشرقِ وسطیٰ اور باقی دنیا کی سلامتی، خوش حالی اور امریکیوں کی زندگی کو خطرہ لاحق ہوسکتا ہے۔دوسری جانب ایران نے جوہری سمجھوتے کی خلاف ورزی کے تاثر کو مسترد کردیا ہے ۔

Facebook Comments