پنجاب میں اشیاء خورد و نوش میں ملاوٹ بڑا مسئلہ ہے

بہاول پور (ویب نیوز)پنجاب اسمبلی میں جماعت اسلامی کے پارلیمانی لیڈر ڈاکٹر سید وسیم اختر نے کہا ہے کہ پنجاب میں اشیاء خورد و نوش میں ملاوٹ بڑا مسئلہ ہے ۔بہت سے بچے ڈبہ کا غیر معیاری اور ملاوٹ شدہ دودھ پنے کے باعث جان کی بازی ہار چکے ہیں حکومت اسلامی نظریاتی کونسل اور علماء کرام کے ساتھ مشاورت کر کے ملاوٹ کرنے والوں کے لئے سزائے موت مقرر کرے ۔ وہ پنجاب اسمبلی میں اجلا سکے دوران خوراک پر بحث کے موقع پر اظہار خیال کر رہے تھے۔ڈاکٹر سید وسیم اختر نے کہا کہ اشیاء خورد ونوش میں ملاوٹ کے باعث لوگوں کے پیٹ خراب ہو رہے ہیں اور ہسپتالوں میں ایسے مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دودھ میں ملاوٹ سوالیہ نشان ہے ۔ ایک جانب ڈبہ کے غیر معیاری اور ملاوٹ شدہ دودھ سے بہت سے بچے جان کی بازی ہار چکے ہیں تو دوسری طرف گوالے دودھ میں دیگر ملاوٹوں کے علاوہ نہری پانی ملاتے ہیں جس میں سیوریج کا پانی بھی شامل ہوتا ہے ۔ انہوں نے تجویز دی کہ اسلای نظریاتی کونسل اور علماء کرام کی مشاورت سے ملاوٹ کرنے والے افراد کیلئے سزائے موت کا قانون بنایا جائے جس پر ہمسائیہ ملک چین میں بھی عملدرآمد ہو رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ملاوٹ کے حوالے سے سب سے بہتر رہنمائی اسلام نے دی لیکن یورپ میں اس حوالے سے حالات بہتر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صحت مند جانوروں کا گوشت بھی دستیاب نہیں ہے بلکہ بعض ہوٹلوں اور دوکانوں پر تو گدھوں اور چوہوں کا گوشت بھی پکڑا گیا ہے ۔ ایک میڈیا رپورٹ کے مطابق ہوٹل میں چوہے کے قیمے سے کباب وغیرہ بنائے جا رہے تھے ۔ علاوہ ازیں پھلوں کی حالت بھی ابتر ہے جنہیں میٹھا کرنے کے لئے سکرین کے ٹیکے استعمال کئے جاتے ہیں اور جوسوں میں بھی سکرین کا استعمال کیا جا رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ فوڈ اتھارٹی کے قیام سے دو تین فیصد بہتری آئی ہو گی لیکن ابھی مزید بہتری کی ضرورت ہے تا کہ دونمبری اور دس نمبری کو ختم کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ گنے کے کاشتکاروں کو ابھی تک کروڑوں روپے کے بقایاجات ادا نہیں ہوئے کیونکہ شوگر ملز مالکان کا زیادہ ترتعلق حکومتی لوگوں سے ہے اس لئے ان کے خلاف کارروائی میں بھی مشکل پیش آتی ہے ۔ گندم کا ذکر کرتے ہوئے انہولں نے کہا کہ سرکاری گوداموں میں پڑی بہت سی گندم خراب ہو جاتی ہے جسے اچھی گندم کے ساتھ ملا کر فلور ملوں کو سپلائی کر دیا جاتا ہے ۔ سپیکر رانا محمد اقبال نے مشورہ دیا کہ ڈاکٹر سید وسیم اختر صوبائی وزیر خوراک بلال یاسین کے ساتھ میٹنگ کریں اور انہیں اپنی تجاویز دیں

Facebook Comments