تحریک آزادی اور استحکامِ پاکستان کے لیے سر صادق خاں عباسی کی خدمات ناقابل فراموش ہیں

بہاول پور(ویب نیوز) تحریک آزادی اور استحکامِ پاکستان کے لیے سر صادق خاں عباسی کی خدمات ناقابل فراموش ہیں۔انہوں نے تحریک آزادی میں قائد اعظم کی ہرطرح سے مدد کی اور ریاست بہاول پور کو پاکستان میں ضم کر کے اسلامی نظریاتی مملکت کے قیام کو یقینی بنایا۔حکومت کو چاہیے کہ سر صادق خاں عباسی کی خدمات کا اعترا ف کرتے ہوئے انہیں قومی مشاہیر میں شامل کیا جائے۔ان خیالات کا اظہار متحدہ محاذ بہاول پور کے مرکزی رہنما راجہ شفقت محمود نے ایک بیان میں کیا۔انہوں نے کہا سر صادق خاں عباسی محسنِ پاکستان ہیں جنہوں نے اپنی رولز رائس گاڑی قائد اعظم کو بطور تحفہ پیش کی اور پاکستان کے تمام سرکاری ملازمین کوچھ ماہ تک اپنے خزانے سے تنخواہ ادا کی۔بہاول پور میں جامعہ عباسیہ جیسے تعلیمی اداروں کی بنیاد رکھ کر انہوں نے پاکستان کو اقوام عالم میں نمایاں مقام دیا۔عظیم قومیں اپنے محسنوں کو کبھی فراموش نہیں کرتیں۔حکومت کو چاہیے کہ نواب سر صادق خاں عباسی کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے پنجاب میں شاہراہوں اور سڑکوں کے نام ان سے منسوب کیے جائیں ۔نسلِ نو کوسر صادق خاں عباسی کی خدمات سے روشناس کرنے کے لیے ضروری ہے کہ نصابی کتب میں ان کی خدمات کے متعلق اسباق شامل کیے جائیں اور ان کی برسی کو قومی سطح پر منانے کا اہتمام کرتے ہوئے سیمینار اور پروگرامز منعقد کیے جائیں۔

Facebook Comments