ریجن بھر کے 576تعلیمی اداروں کی سیکورٹی کو فول پروف بنانے کے لئے جامع پلان ترتیب دیا گیا ہے ریجنل پولیس آفیسر ڈاکٹر احسان صادق

بہا ول پور( نیوز رپورٹ)ریجنل پولیس آفیسر ڈاکٹر احسان صادق نے کہا ہے کہ ریجن بھر کے 576تعلیمی اداروں کی سیکورٹی کو فول پروف بنانے کے لئے جامع پلان ترتیب دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسے تعلیمی ادارے جہاں امتحانات ہو رہے ہیں وہاں سیکورٹی فراہم کی گئی ہے۔ ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تمام تعلیمی اداروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ گرمیوں کی تعطیلات کے دوران سیکورٹی قواعد کے مطابق حفاظتی تدابیر کو مکمل کر لیں تاکہ آئندہ سہ ماہی میں تعلیمی اداروں کے سیکورٹی چیک کو یقینی بنایا جا سکے۔انہوں نے کہا کہ اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور کے بغداد الجدید کیمپس کی سیکورٹی کے پیش نظر 11کلومیٹر طویل بیرونی دیوار کی تعمیر اور 16واچ ٹاورز قائم کئے گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ تھانوں میں ٹاؤٹ کلچر کی سخت حوصلہ شکنی کے احکامات دیئے گئے ہیں جبکہ رواں سال میں 600سے زائداشتہاریوں کی گرفتاری عمل میں لائی گئی ہے۔ ریجنل پولیس افسرڈاکٹر احسان صادق نے کہا کہ 72تھانوں میں وکٹم ریسپانس افسروں نے 16ہزار سے زائد معمولی نوعیت کے جھگڑوں اور شکایات کا ازالہ کر کے تھانوں کے بوجھ کو کم کیا ہے۔

Facebook Comments