ریونیو اہداف بر وقت مکمل کرنے کے لیے تمام تراقدامات بروئے کار لائے جائیں۔ ریونیو افسران محکمہ مال اور اراضی سے متعلق زیر التواکیسزکو فوری نمٹائیں کمشنر بہاول پور ڈویژن ثاقب ظفر

بہا ول پور( نیوز رپورٹ)کمشنر بہاول پور ڈویژن ثاقب ظفر نے ریونیو افسران کو ہدایت کی ہے کہ ریونیو اہداف بر وقت مکمل کرنے کے لیے تمام تراقدامات بروئے کار لائے جائیں۔ ریونیو افسران محکمہ مال اور اراضی سے متعلق زیر التواکیسزکو فوری نمٹائیں۔ یہ ہدایات انہوں نے ویڈیو لنک اجلاس کے ذریعے تینوں اضلاع کے ڈی سی اوز اور متعلقہ ریونیو افسران کو دیں۔ اجلاس میں ڈسٹرکٹ کوآرڈی نیشن آفیسر بہاول پور ڈاکٹر احتشام انور مہار، ایڈیشنل کمشنر رابطہ ثاقب علی عطیل، ڈسٹرکٹ کوآرڈی نیشن آفیسر رحیم یارخاں کیپٹن (ر) ظفر محمود، ڈسٹرکٹ کوآرڈی نیشن آفیسر بہاول نگر سید اقبال حیدر سمیت ایڈیشنل ڈسٹرکٹ کلکٹرزاور تمام تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنرز موجود تھے۔اجلاس کو بتایا گیا کہ رواں سال جنوری تا مئی کے دوران ڈویژن بھر میں اراضی میوٹیشن کے3531کیسز کے فیصلے کیے گئے۔ گمشدہ میوٹیشن ریکارڈ کے2217 مسائل حل کیے گئے جبکہ اراضی کھیوٹ سے متعلق 2217شکایات کو دور کیا گیا۔کمشنر ثاقب ظفر نے ہدایت کی کہ محکمہ لینڈ ریکارڈ مینجمنٹ انفارمیشن سسٹم اور متعلقہ اضلاع کے ریونیو افسران مربوط حکمت عملی کے تحت اراضی کے زیر التوا کیسز اور مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کریں۔ انہوں نے کہا کہ لینڈ ریکارڈ کی درستگی اور ریونیو اہداف کی بروقت تکمیل کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ مقررہ ہدف پورا نہ کرنے پر کوئی عذر قابل قبول نہ ہوگا اور ذمہ داران کے خلاف محکمانہ کارروائی کی جائے گی۔

Facebook Comments