متبادل توانائی سے بجلی پیدا کرنے کے 78مختلف منصوبوں پر کام جاری

صادق آباد ( ویب ڈیسک) چیئرمین قائمہ کمیٹی پانی بجلی سردار ارشد خان لغاری نے کہاکہ متبادل توانائی سے بجلی پیدا کرنے کے 78مختلف منصوبوں پر کام جاری ہے جس سے 2 ہزار796 میگاواٹ سستی بجلی پیدا ہوگی جبکہ منصوبے 2020ء تک مکمل کرلئے جائیں گے۔ انھوں نے کہا ہے کہ ان منصوبوں سے شمسی توانائی، پن بجلی اور بائیوماس سے بجلی پیدا کرنے کے منصوبے شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 2013ء سے لے کر اب تک متبادل توانائی سے بجلی کے مختلف پیداواری منصوبہ جات مکمل کئے جاچکے ہیں جن سے مجموعی طور پر853.3 میگاواٹ بجلی پیدا کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ متبادل توانائیکی پالیسی2006ء کے تحت بورڈ متبادل توانائی سے زیادہ سے زیادہ بجلی پیدا کرنے کیلئے نجی سرمایہ کاروں کی معاونت سے مختلف منصوبوں کی منظوری دے چکا ہے جن پر کام جاری ہے۔ انھوں نے کہا کہ متبادل توانائی کے زیر تکمیل منصوبہ جات کی تکمیل سے سستی بجلی قومی گرڈ میں شامل ہونے سے توانائی بحران پر قابو پانے میں مدد ملے گی۔

Facebook Comments